Jun ۲۶, ۲۰۱۷ ۰۷:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان کے سربراہان مملکت کا تہنیتی پیغام

ہندوستان اور پاکستان کے صدر اور وزراء اعظم نےعیدالفطر کے موقع پر مبارک باد پیش کی ہے۔

ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی اور وزیراعظم نریندرمودی نے عید الفطر کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد پیش کی ہیں۔

ہندوستان کےصدر پرنب مکھرجی نے تمنا کی کہ یہ تہوار سے منسلک مقدس خیالات ہماری زندگی کو امن، سکون اور انسانیت کے جذبے سے مالا مال کریں۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ رحمت و برکت کا مہینہ ہے جس کو پاک جذبے سے گزارا گیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ خوشیوں کو بانٹنے کا مہینہ ہے اور جتنی خوشیاں بانٹتے ہیں، اتنی خوشیاں بڑھتی ہیں۔ آئیے ہم سب مل کر کے اس مقدس تہوار سے ترغیب لے کر خوشیوں کے خزانوں کو بانٹتے چلیں اور ملک کو آگے بڑھاتے چلیں۔

دوسری جانب پاکستان کے صدرممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے عید الفطر کے موقع پر عالم اسلام اور اہل پاکستان کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کی۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطرکے اس مسرت بھرے موقع پر میں عالم اسلام کو بالعموم اور اہل پاکستان کو بالخصوص دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور بارگاہ باری تعالیٰ میں دست بہ دعا ہوں کہ یہ مبارک موقع وطنِ عزیز، اہلِ وطن اور عالم اسلام کے لیے خیر و برکت اور باہمی اتحاد کا باعث ہو۔انھوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں باہمی رنجشیں اور کدورتیں ختم کر کے بھائی چارے کے فروغ کا درس دیتا ہے۔

عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عید کی مبارک باد کا زیادہ مستحق وہ ہے جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ اِس ماہِ مبارک کے روزے رکھے،آخری عشرے کی طاق راتوں میں شبِ قدر کو تلاش کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن اپنے اندر ہمدردی، ایثار اور درد دِل سمیٹے ہوئے ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا بھی دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عیدالفطر مسلمانوں کے لیے اجتماعی خوشی کا دِن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہے۔ ہم نے ان عناصر کو ناکام بنانا ہے جو پاکستان کومسلسل عدم استحکام اور فساد میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں، ہمیں سیاسی و مذہبی انتہا پسندی، دہشت گردی اور فساد کی قوتوں کے خلاف متحد ہونا ہے۔

ٹیگس