Apr ۱۵, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار سے زائد

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد گیارہ ہزار سے زائد اور ہلاکتیں تین سو ستتر ہو گئی ہیں۔

ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو ان آئی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید ایک ہزار چھہتر افراد کے متاثر ہونے کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد بڑھ کے گیارہ ہزار چار سو انتالیس ہو گئی۔ اس رپورٹ کے مطابق اس درمیان کورونا سے مزید اڑتیس افراد موت سے ہمکنار ہوگئے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے اموات کی تعداد تین سو ستتر ہو گئی ہے۔
یو ان آئی کے مطابق اس درمیان کورونا سے متاثرین میں سے ایک ہزار تین سو چھے افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ہندوستان میں کورونا سے متاثرین میں چھیتر غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ 
ہندوستان کی وزارت صحت کے مطابق کورونا ملک کی بتیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ 
ہندوستان میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں دو ہزار چھے سو ستاسی افراد اس وبا میں مبتلا اور ایک سو اٹہتر افراد موت سے ہمکنار ہو چکے ہیں ۔ 
اس رپورٹ کے مطابق کورونا سے متاثرین کی تعداد مہاراشٹر کے بعد سب سے زیادہ دہلی میں ہے جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اکیاون نئے کیس سامنے آنے کے بعد، کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار پانچ سو اکسٹھ اور مزید دو افراد کے مرنے کے بعد اموات تیس ہو گئی ہیں۔ 
دہلیکے بعد ریاست تمل ناڈو تیسر نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد ایک ہزار دو سو چار اور اموات بارہ بتائی گئ ہیں ۔ 
اسی کے ساتھ ہندوستان کی وزارت داخلہ نے لاک ڈاؤن سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کے تحت پورے ملک میں زمینی فضائی اور ریلوے سروسز بدستور بند رہیں تاہم لوگوں کی مشکلات کے پیش نظر ریاستیں بیس اپریل سے بعض سرگرمیاں شروع کرسکتی ہیں ۔ 

ٹیگس