Feb ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۹:۲۳ Asia/Tehran
  • مسئلہ فلسطین عالمی اداروں کی ناکامی کا ثبوت ہے، صدر حسن روحانی

ایران کے صدر نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ اور صیہونی حکومت کو مغرب کی ساختہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی ناجائز حکومت قرار دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے فلسطین سے متعلق تہران کانفرنس کے اختتامی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین، کسی قوم کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک جانب ظلم و ستم، بین الاقوامی قوانین سے چشم پوشی کئے جانے اور عالمی تنظیموں کے ناکارآمد ہونے ، اور دوسری جانب عالمی برادری اور بعض اسلامی ملکوں کی شرمساری کے ساتھ ساتھ اپنے حقوق کی بحالی کے لئے ایک قوم کی مسلسل مجاہدانہ کوششوں کی علامت ہے۔
ایران کے صدر نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مسئلہ فلسطین، عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے، کہا ہے کہ صیہونی حکومت، مغرب کی ساختہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والی ایک ناجائز حکومت ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ غاصب صیہونی، اس بات کے درپے ہیں کہ دنیا اس بات کو باور کرلے کہ فلسطینی، ایسے بے گھر لوگ ہیں کہ جن کا کوئی ملک نہیں ہے اور ان کو یونہی زندگی بسر کرنا ہو گی۔ صدر نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت، مزاحمت کو دہشتگردی سے تعبیر کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اسی بنا پر فلسطینیوں کو جھکنے پر مجبور اور سازباز کے عمل کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یہ سمجھتا ہے کہ مشرق وسطی میں منصفانہ اور پائیدار امن کا قیام، اسی صورت میں ممکن ہے کہ سرزمین فلسطین سے غاصبانہ قبضہ ختم، فلسطینیوں کے تمام حقوق منجملہ سرنوشت کے تعین، تمام پناہ گزینوں کی اپنے آبائی وطن واپسی اور تمام فلسطینیوں، جن میں مسلمان، عیسائی اور یہودی بھی شامل ہیں، کی شرکت سے ایک ریفرینڈم کے انعقاد کے ذریعے بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک متحدہ فلسطینی حکومت کی تشکیل کے حق کو تسلیم کر لیا جائے۔
قابل ذکر کہ انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں چھٹی بین الاقوامی کانفرنس بدھ کے روز غاصب صیہونی حکومت کی مذمت اور فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت میں ایک قرارداد پاس کئے جانے کے ساتھ ختم ہو گئی۔

ٹیگس