Jul ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  •  گیس کی برآمدات میں ہمسایہ ملکوں کو ترجیح حاصل ہے، ایران

ایرانی گیس کی برآمداتی پالیسی میں ہمسایہ ملکوں کو ترجیح حاصل ہے۔

یہ بات ایران کی وزارت پیٹرولیم کے ایک اعلی عہدیدار امیر حسین زمانی نیا نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کو گیس برآمد کرنا ہماری اولین ترجیح نہیں ہے بلکہ ہمسایہ ممالک اور ہندوستان ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپ، اپنی ضرورت کی گیس کا بیشتر حصہ دوسرے ذرائع سے پورا کر رہا ہے لہذا ایران کو یورپی منڈیوں میں زیادہ دلچسپی نہیں ہے۔
تخمینوں کے مطابق ایران میں گیس کی برآمداتی گنجائش بتدریج اسّی ارب کیوبک میٹر سالانہ تک پہنچ جائے گی جس میں سے پچاس ارب کیوبک میٹر گیس ہمسایہ ممالک کے لیے مختص کی جاسکتی ہے۔
علاوہ ازیں گیس کی پیداوار میں اضافے کے بعد ایران یورپ کو بھی سالانہ تیس ارب کیوبک میٹر گیس سالانہ برآمد کرنے کے قابل ہوجائے گا۔
یورپی ممالک بھی اپنی گیس کی ضروریات پوری کرنے والے ذرائع میں اضافے کے خواہاں ہیں لہذا وہ ایران سے بھی گیس کی خریداری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ایران دنیا میں گیس کے وسیع ذخائر کا مالک ہے۔

ٹیگس