Nov ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • زلزلہ: ایرانی عوام کے ساتھ  یکجہتی کا اعلان کرنے پر عالمی برادری کی قدردانی

ایران میں آنے والے زلزلے پر کئی ممالک نے امداد کی پیشکش کرتے ہوئے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئیٹ میں عالمی برادری کی جانب سے زلزلہ سے متاثر ہونے پر امداد کی پیشکش اور ہمدردی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران فی الحال زلزلے سے متاثرین کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایران و عراق میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے اس عالمی ادارے کی آمادگی کا اعلان کیا۔

اس سے قبل ایران میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر دفتر کے سربراہ گری لوئیس نے اپنے ٹوئیٹ میں ایران کے مغربی علاقوں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زلزلہ زدگان کی ہر ممکن امداد کے لئے اقوام متحدہ کی آمادگی کا اعلان کیاتھا۔

یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں ایران اور عراق میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین زلزلے سے متاثرین کے لئے امدادی کارروائیوں میں مدد دینے کے لئے تیار ہے ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین ایران اور عراق کے زلزلے سے متاثرین کو مدد پہنچانے کے لئے تیار ہے۔

جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف، پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن تروڈو نے بھی الگ الگ پیغامات میں ایران و عراق میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

اسی طرح شام، لبنان، ناروے، کرویشیا ، لیتھوانیا ، جرمنی اور آرمینیا کی وزارت خارجہ نے اپنے پیغامات میں ایران اور عراق میں زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور عوام اور حکومتوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کی رات اسلامی جمہوریہ ایران کے عراق ملحقہ سرحدی علاقوں میں آنے والے 7.3ریکٹر اسکیل پر زلزلے نے ایران کے مغربی علاقوں میں تباہی مچا دی اور اب تک 430 افراد جاں بحق جبکہ 7370افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 

 

 

ٹیگس