Jan ۱۹, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  •  موجودہ خطرناک صورتحال کا اصل ذمہ دار امریکا ہے، وزیرخارجہ ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال خطرناک ہے اور اس صورتحال کا اصل ذمہ دار امریکا ہے۔

وزیر‍ خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے  ہندوستان کے  ٹائمز ناؤ نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ علاقے کی موجودہ خطرناک صورتحال کی اصل وجہ امریکا کا گستاخانہ اورمتکبرانہ رویّہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا تمام معاملات کو صرف اپنے نقطہ نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ مغربی ایشیا کی اقوام کے مفادات کو ذرہ برابر اہمیت نہیں دیتا۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے لئے علاقے کے ملکوں کے عوام کی والہانہ محبت اور دلی جذبات کے اظہار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے بعد پوری دنیا میں ان کی یاد میں جلسے، جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا اور کروڑوں کی تعداد میں لوگ ان سے محبت کا اظہار اور امریکا سے نفرت کا اعلان کرنے کے لئے سڑکوں پر نکلے۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل سے صرف داعش، امریکی صدرٹرمپ اور وزیرخارجہ پمپیئو خوش ہوئے ہیں۔ ایرانی وزیرخارجہ نے اپنے دورہ ہندوستان اور نئی دہلی میں رائے سینا اجلاس میں اپنی شرکت اور تقریرکا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا ایک اہم مقام  ہے اس لئے تہران کو امید ہے کہ وہ علاقائی تعاون کے مستقبل کے تعلق سے اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔

وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نئی دہلی میں رائے سینا اجلاس میں شرکت کے لئے گذشتہ منگل کو دہلی گئے تھے۔

ٹیگس