Dec ۲۳, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۷ Asia/Tehran
  • سعودی عرب عالم اسلام میں اختلاف و تفرقے کا عامل
    سعودی عرب عالم اسلام میں اختلاف و تفرقے کا عامل

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے سعودی عرب کو عالم اسلام میں اختلاف و تفرقے کا عامل قراردیا اور کہا ہے کہ سعودی حکومت امریکا اور اسرائیل کی خدمت کررہی ہے -

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے عیدمیلادالنبی کی مناسبت سے اپنے خطاب میں یمن کے اہم ترین واقعات اور حالات کا ذکرکیا اور کہا کہ داعش اور القاعدہ کا سب سے بڑا رول امت اسلامیہ کو کمزور کرنا اور اسلامی ملکوں پردوسروں کےغاصبانہ قبضے کا راستہ ہموار کرنا ہے -

عیدمیلادالنبی کی مناسبت سے یہ اجتماع یمن کے دارالحکومت صنعا کے الثورہ اسٹیڈیم میں ہوا جس سے انصاراللہ کے سربراہ نے ویڈیوکانفرنس کے ذریعے خطاب کیا -

انہوں نے سعودی حکومت کو ایک جاہل اور رجعت پسند حکومت قراردیا جو متحدہ عرب امارات کے ساتھ یمن اور دوسری جگہوں پر امریکا اور اسرائیل کے مفادات کو پورا کررہی ہے -

انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت اسلامی دنیا میں اختلاف و تفرقہ ڈالنے کی شازش پر عمل کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اسلام کی شبیہ بگاڑکر پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے-

عبدالملک الحوثی نے کہا کہ آج امت اسلامیہ جس مصیبت سے دوچارہے اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اصل راستے سے منحرف ہورہی ہے - انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر تکفیریوں کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عام اسلام سے انحراف کی سب سے بڑی مثال ہے -

عبدالملک الحوثی نے کہاکہ مسلمانوں کی نجات و سعادت کا واحدراستہ یہ ہے کہ وہ رسول اسلام کے لائے ہوئے اسلام کی طرف لوٹ آئیں جو اعلی اخلاقی تعلیمات کا حامل ہے -

انہوں نے کہا کہ جو اسلام ، حضورنبی کریم نے انسانیت کے سامنے پیش کیا ہے وہ امریکی اور سعودی اسلام سے بہت مختلف ہے - انہوں نے امریکا اور اسرائیل کو امت اسلامیہ کا دشمن قراردیا جو مسلمانوں میں اختلاف پیداکرکے مسلمانوں کے دشمنوں کو ہر طرح کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد کررہے ہیں -

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش اور القاعدہ اپنے اقدمات کے ذریعےیمن میں امریکا اور اسرائیل کی مداخلت کا راستہ ہموار کررہےہیں -

انہوں نے کہا کہ آج امریکا کچھ خرچ کئے بغیر سعودی اتحاد کے ذریعے یمن کے مظلوم عوام کا خون بہارہا ہے -

عبدالملک الحوثی نے یمن کے سبھی لوگوں سے کہا کہ وہ دشمنوں کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یمن کے عوام سعودی عرب کی جارحیت کا پوری پامردی کےساتھ مقابلہ کریں گے-

یمن کی عوامی انقلابی تحریک کے سربراہ نے کہا وہ عید میلادالنبی کے پرمسرت موقع پر ایک بار پھر فلسطینیوں کے لئے اپنی حمایت کااعلان کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے ساتھ جو بھی تعلقات قائم کرے گا وہ اسلام سے غداری کا مرتکب ہوگا -

ٹیگس