Jun ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • سعودی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، قطری وزیر خارجہ

قطر کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔

قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اس کے حامی قطر کو اپنی کالونی بنانا چاہتے ہیں تاہم قطر ان کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔

قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطر پر پابندیاں لگا کر اور اس کا محاصرہ کر کے اس پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام لگایا اور اب اس کی تردید کر رہے ہیں۔

محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ان ممالک کے بے بنیاد الزامات اور بیانات میں تضاد، ان الزامات کے جھوٹے ہونے کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔

قطر کے وزیر خارجہ نے ان اختلافات کو حل کرنے کی کویت کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں ممالک نے نہ صرف اپنے مطالبات کی فہرست جاری نہیں کی بلکہ اختلافات کا شکار ہیں کہ اپنے مطالبات کی فہرست کویت کو پیش کریں یا امریکہ کو۔

قطر کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ قطر کی اسٹریٹیجی مذاکرات پر استوار ہے اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہئے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے پانچ جون سے قطر کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کر لیئے ہیں۔

ٹیگس