غزہ میں فلسطینیوں کے لئے انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کی ضرورت پر تاکید
یورپی یونین اور پانچ دیگر ملکوں نے غزہ میں فلسطینیوں کے لئے انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: مغربی ممالک، جو غاصب صیہونی حکومت اور فلسطینیوں کے خلاف اس کے وحشیانہ ترین جرائم کی بھرپور حمایت کرتے رہے ہیں، غزہ میں نسل کشی بند کرانے کے لئے کوئی کوشش کئے بغیر، غزہ کے عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں تاکہ اس اقدام کے ذریعے اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کر سکیں۔
یورپی کمیشن، قبرص، امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور قطر نے بدھ کی رات اپنے ایک مشترکہ بیان میں انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کے لئے نئی گذرگاہیں قائم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس بارے میں یورپی، امریکی اور عرب حکام نے قبرص کے راستے غزہ تک بحری گذرگاہ قائم کئے جانے پر غور بھی کیا ہے۔ بعض یورپی ملکوں اور اسی طرح امریکہ اور برطانیہ کی حمایت سے غاصب صیہونی حکومت کی جاری وحشیانہ ترین جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں انسانی صورت حال نہایت اور بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے جہاں عام شہریوں منجملہ عورتوں اور بچوں کو قحط و بھوک مری کا سامنا ہے۔