May ۲۷, ۲۰۱۸ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • سمندری طوفان میکونو سے عمان میں تباہی، 5جاں بحق

سمندری طوفان میکونو سے عمان میں تباہی مچ گئی، ایک بچی سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی اور لاپتہ ہو گئے ہیں۔

سمندری طوفان میکونو عمان سے ٹکرا گیا، طوفان کیٹگری 3میں تبدیل ہوچکا ہے اور 200کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

حکومتِ عمان نے ساحل پر ہنگامی حالت نافذ کردی، عمان کا دوسرا بڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی 24 گھنٹے کے لیے بند کردیا گیا۔

صلالہ ایئربیس میں پانی بھر گیا، سول ڈیفنس سینٹر کو بھی خالی کرالیا گیا، عمان کی حکومت نے ساحل پر ہنگامی حالت نافذ کر دی جبکہ کئی علاقے زیر آب آگئے اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، جبکہ پورے ملک کی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام اور پٹرول نایاب ہوگیا ہے اور طوفان کے باعث ملک میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں اور تعلیمی ادارے و کاروباری مراکز بند کردیے گئے ہیں۔

عمانی حکام کے مطابق ساحلی علاقے میں ہنگامی حفاظتی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب سمندری طوفان میکونو سے سعودی عرب کے مشرقی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، سعودی اخبار کے مطابق نجران اورربع الخالی میں آندھی کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

 

ٹیگس