Dec ۱۵, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • افغان اہلکار کی فائرنگ 27 ہلاک

افغانستان میں پیرا ملٹری فورس کے اہلکاروں کے ایک گروہ نے فوجی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 27 کو ہلاک کردیا اور اسلحہ سمیت طالبان سے جا ملا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق غزنی کے صوبائی کونسل کے صدر ناصر احمد فقیری کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ قارا باغ ضلع میں ایک فوجی اڈے پر پیش آیا جہاں فوجیوں سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ نے فائرنگ کر کے اپنے ہی 7 ساتھیوں کو ہلاک کر دیا تاہم آزاد ذرائع نے 27 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

صوبائی کونسل کے صدرناصر احمد فقیری کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والا گروپ 7 اہلکاروں پر مشتمل تھا اور طالبان کا ہمدرد تھا۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے اور 32 فوجیوں کی ہلاکت اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک اہلکار نے قندھار میں موقع پا کر پولیس چیف جنرل عبدالرزاق کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا، اس واقعہ میں صوبائی انٹیلی جنس چیف بھی ہلاک ہوئے تھے جب کہ گورنر شدید زخمی ہوگئے تھے اور امریکی کمانڈر اسکاٹ ملر بال بال بچ گئے تھے۔

ٹیگس