Aug ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • بیروت سانحے کی صورتحال جلد واضح ہونے کی امید ہے: وزیر خارجہ لبنان

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سانحہ بیروت میں ساٹھ سے زائد افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔ دوسری جانب لبنان کے وزیر خارجہ نے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق سانحہ بیروت میں زخمی ہونے والوں کی تعداد چھے ہزار تک پہنچ گئی ہے جن میں سے ایک سو بیس افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بیان کے مطابق تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کا سلسلہ صورتحال مکمل طور پر واضح ہونے تک جاری رہے گا۔

قبل ازیں لبنان کے وزیر صحت جمعل جبق نے بتایا تھا کہ سانحہ بیروت میں مرنے والوں کی تعداد ایک سو چون ہو گئی ہے۔

منگل کی شام لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ پر آتش گیر مواد کے ایک گودام میں آگ لگنے کے بعد قریب  میں ایمونیم نائٹریٹ کے ایک بڑے ذخیرے میں دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی تھی۔

دوسری جانب لبنان کے وزیر خارجہ شربل وہبہ نے بیروت دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی حالیہ تقریر کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت موجودہ صورتحال کے ذریعے بیرونی دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہتری کے لیے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دو روز کے دوران دنیا کے تیس ملکوں کے وزرائے خارجہ سے انکی بات ہوئی ہے اورسب کا کہنا تھا کہ وہ ان سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔

لبنان کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ جائے وقوعہ پر امداد رسانی اور لاپتہ افراد کی تلاش حکومت کی اولین ترجیج ہے۔

انہوں نے سانحہ بیروت کی تحقیقات اور حقائق کا پتہ لگانے کے بارے میں کہا کہ مجھے امید ہے کہ آئندہ چند روز میں صورتحال کافی حد تک واضح ہو جائے گی۔

لبنان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ عدلیہ کو اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر تحقیقاتی عمل میں دیگر ملکوں کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرے۔

 

 

ٹیگس