Jan ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
  • ہمیں دہشتگرد بتانے والا امریکہ خود دہشتگرد ہے، سعودی اتحاد  ٹرمپ کے انجام سے عبرت لے: انصاراللہ

یمن کی تحریک انصار اللہ نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کو جو ٹرمپ حکومت پر بھروسہ کئے ہوئے تھا، ٹرمپ سے عبرت حاصل کرنا چاہئے اور یمن کے خلاف جارحیت کا سلسلہ اب بند کر دینا چاہئے۔

 تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے کہا کہ امریکی حکومتوں خاص طور سے ٹرمپ حکومت نے جارح اتحاد کو یمن کا ظالمانہ محاصرہ اور جارحیت جاری رکھنے کی ترغیب دلائی ہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ یمن پر حملہ کرنے والے ممالک کو اپنی جارحیت کا سلسلہ بند کر دینا چاہئے کیونکہ اب یمن کے خلاف اس نیم جان اور کمزور اتحاد کے اقدامات کی کوئی گنجائش رہ نہیں گئی۔

امریکی ایوان نمائندگان نے کانگریس یا کیپٹل ہل پر امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کی بنا پر بدھ کو ٹرمپ کے خلاف تحریک مواخذہ کو منظوری دے دی۔

دوسری جانب یمن کی سالویشن حکومت کے ترجمان نے تحریک انصار اللہ کو دہشتگرد قرار دینے کے امریکی فیصلے کو غیرموثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ  خود دہشتگردی کا مرکز ہے اور دنیا بھر میں دہشتگردی پھیلانے میں مصروف ہے۔

ضیف اللہ الشامی نے یمن کی تحریک انصار اللہ کا نام دہشتگردی کی فہرست میں شامل کرنے کے امریکی فیصلے کے بارے میں عراق کے العھد ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی نظر میں پوری ملتِ یمن دہشتگرد ہے۔ ضیف اللہ شامی نے مزید کہا کہ امریکہ،  یمنی عوام  کے قتل عام اور  بھوک مری  کی حمایت کر رہا ہے اور پوری دنیا میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اس فیصلے کا انصاراللہ اور یمن کے عوام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ   یمنی عوام  امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی راہ پر گامزن رہیں گے۔

اس بیچ یمن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں ایک سو تینتالیس بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ یمن کی فوج کے اعلان کے مطابق جارح سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران یمن میں  ڈرون اور جنگی طیاروں کے ذریعے تیس سے زیادہ میزائل اور مارٹر گولے برسا کر الحدیدہ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے۔

 

 

ٹیگس