Aug ۱۷, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۳ Asia/Tehran
  • شریف برادران کو پھانسی دینے کا مطالبہ

پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں آخری حد تک جائیں گے اور شریف برادران کو پھانسی ہو گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مال روڈ پر بیٹھ کر ثابت کر دیا کہ 17 جون کے شہدا تنہا نہیں، ان لے لواحقین کو نا تو خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت انہیں ڈرا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں چور تو پکڑا گیا مگر 14 بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والا قاتل ابھی باقی ہے جس کا نام شہباز شریف ہے اور نواز شریف کے پیچھے اصل قوت شہباز شریف کا پنجاب میں اقتدار ہے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 80 کی دہائی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بولیاں لگائیں، صدر سے مل کر بے نظیر کی حکومت ختم کروائی، ابھی نواز شریف پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور بعد میں شہباز شریف پوچھیں گے کہ مجھے کیوں نکالا، دنیا کی کوئی طاقت انہیں پھانسی کے پھندے سے نہیں بچا سکتی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ انقلاب کا نعرہ لگانے پر نواز شریف کو شرم آنی چاہیے، 17  جون کو لاشیں گرانے والے کس منہ سے انقلاب کی بات کرتے ہیں، آپ وزیراعظم بن کر اسلام آباد چلے گئے اور کرپشن کے لیے بھائی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا گئے اور اب آئین سے امانت دیانت کی ساری شقیں ختم کرنا چاہتے ہیں جب کہ آپ کا انقلاب نواز شہباز بچاؤ انقلاب ہے مگر نواز شریف ابھی تو انصاف کی پہلی کھڑکی کھلی ہے، دروازہ اور راستہ ابھی کھلنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ اشرافیہ نے ملک کو لوٹ لیا ہے، مگر میں کہتا ہوں کہ شہبازشریف صاحب، اشرافیہ تو آپ کا خاندان ہے جس نے ملک کو لوٹا ہے۔

طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے خود کہا تھا کہ باقرنجفی کمیشن رپورٹ میں وزیراعلیٰ  پنجاب کو ذمہ دار قرار دیا گیا تو میں حکومت چھوڑ دوں گا، اگر وہ ذمہ دار نہیں تو رپورٹ کو منظر عام پر کیوں نہیں لاتے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد فیصل آباد میں احتجاجی دھرنے ہوں گے جس کے بعد ملتان اور راولپنڈی میں بھی ریلیاں نکالیں گے۔

ٹیگس