Dec ۱۳, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • امریکہ کے خلاف پاکستان کا شدید ردعمل بلیک لسٹ سے نام خارج

پاکستان نے سینئر امریکی سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کیا اور اقلیتوں سے متعلق معاملے پر شدید احتجاج کیا۔

پاکستان کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے پر امریکہ نے بلیک لسٹ سے پاکستان کا نام نکال دیا ہے۔

پاکستانی ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق پاکستان میں تعینات سینئر امریکی سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کیا گیا، امریکا کی جانب سے پاکستان کو مذہبی آزادی نہ ہونے والے ممالک میں شامل کرنے کے معاملے پر شدید احتجاج کیا گیا، امریکی حکام کو  پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے مطابق تمام تر مذہبی آزادی ہے، پاکستان کو اپنی اقلیتوں سے متعلق کسی سے لیکچر کی ضرورت نہیں

واضح رہے کہ امریکا نے پاکستان سمیت دیگرکئی ممالک کو مذہبی آزادی کے منافی کام کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا لیکن پاکستان کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آنے پر اس لسٹ سے نکال دیا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران، پاکستان، چین، سعودی عرب، میانمار، اریٹیریا، شمالی کوریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان کو مذہبی آزادی کے منافی کام کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

مختلف ملکوں منجملہ ایران پر مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کا الزام امریکی وزیر خارجہ نے ایک ایسے وقت عائد کیا ہے جب ایران میں مذہبی اقلیتوں کو ملک کے اکثریتی مسلمانوں کی ہی طرح برابر کے حقوق حاصل ہیں اور پارلیمنٹ میں ان کے نمائندے بھی موجود ہیں- انسانی حقوق یا مذہبی آزادی کے تعلق سے امریکی رپورٹیں ہمیشہ دوہرے معیاروں پر مبنی ہوتی ہیں اور ان کا مقصد دیگر ملکوں کے خلاف دباؤ ڈالنے کے لئے ان رپورٹوں کو ایک ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرنا ہوتا ہے-

ٹیگس