Sep ۰۲, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۹ Asia/Tehran
  • کلبھوشن یادوکو قونصلر رسائی

عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تحت پاکستان آج ہندوستان کے مبینہ جاسوس کلبھوشن یادو کو پیر کو قونصلر رسائی دے گا۔

پاکستان کےوزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلبھوشن یادو کو قانونی طور پر قونصلر رسائی دینے کا پابند ہے اس لیے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں کلبھوشن یادو کو پیر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد کشمیر سے کرفیو اُٹھوایا جائے، او آئی سی نے بھی کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ 27 ستمبر کو پوری دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے گا۔

علاوہ ازیں پاکستان کے ترجمان دفتر خارخہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادو کوعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں قونصلر رسائی دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

ٹیگس