Oct ۰۳, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں پاکستان اور افغان طالبان کے مابین مذاکرات شروع

پاکستانی دفترخارجہ میں پاکستانی حکام اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

پاکستانی حکام اور افغان طالبان کے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی نمائندگی اس ملک کےوزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جب کہ طالبان وفد کی قیادت ملا عبدالغنی برادرکررہے ہیں۔ وفد طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے سینیئرارکان پر مشتمل ہے اور اس میں ملا برادر سمیت 11 نمائندے شامل ہیں۔

مذاکرات میں رکے ہوئے افغان سیاسی حل کی بحالی سمیت دیگر معاملات پربات چیت جاری ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اس دوران کہا کہ پاک افغان برادرانہ تعلقات، مذہبی ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں، چالیس برس سے افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ دونوں ممالک بھگت رہے ہیں، پاکستان صدق دل سے سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، افغانستان میں قیام امن کیلئے مذاکرات ہی مثبت اورواحد راستہ ہے، ہمیں خوشی ہے کہ آج دنیاافغانستان کے حوالے سے ہمارے موقف کی تائید کررہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا چلا آ رہا ہے، پرامن افغانستان پورے خطے کے امن واستحکام کیلئے ناگزیر ہے ۔

واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔

ٹیگس