Sep ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • پاکستان میں بارش اور سیلاب سے سیکڑوں جاں بحق و زخمی

پاکستان میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے حالیہ مون سون سیزن کے دوران بارشوں اور سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق اب تک 219 افراد جاں بحق جبکہ 158 زخمی ہوئے ہیں۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 15 جون سے اب تک بارش و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں 91 افراد جاں بحق ہوئے، سندھ میں 84، بلوچستان میں 19، پنجاب میں 16 اور اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں 10 جبکہ گلگت بلتستان میں 11 افراد جاں بحق ہوئے۔

بارش و سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 158 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 37 کم عمر بچوں سمیت 25 خواتین اور 96 مرد شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 10 سڑکیں، 10 پل، 2 ہوٹل، 3 دکانیں، 5 مساجد اور 6 پاور ہاؤسز کو بھی نقصان پہنچا جب کہ اس دوران 1340 مکانات کو مکمل جبکہ 1040 مکانات کو جزوی نقصان اٹھانا پڑا۔

ٹیگس