May ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۸ Asia/Tehran
  • امریکی دھمکیاں بےاثر، شمالی کوریا کا نیا میزائل تجربہ

امریکی دھمکیاں بھی کام نہ آئیں اور شمالی کوریا نے تین ہفتوں میں تیسرا کامیاب میزائل تجربہ کر لیا ہے جس پر جنوبی کوریا اور جاپان نے شدید احتجاج کیا ہے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق شمالی کوریانے آج علی الصبح مختصر فاصلے تک مار کرنے والے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے اور اس طرح تین ہفتوں میں تین میزائل تجربے کر لیے۔ جبکہ کامیاب میزائل تجربے پر جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ سکڈ میزائل سمندر میں گرنے سے پہلے 450 کلومیٹر دور تک گیا جبکہ جاپان کا کہنا ہے کہ میزائل ان کے اکنامک زون میں گرا۔

جاپانی وزیراعظم ابی شینزو نے میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے پاس مختلف رینج کے ایک ہزار میزائل ہیں جو مستقبل میں امریکا کو نشانہ بنانے کے قابل ہو سکیں گے۔ جاپانی وزیراعظم کے مطابق شمالی کوریا کا مسئلہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی اولین ترجیح بن گیا ہے، امریکا کے ساتھ مل کر اس کے خلاف سخت ایکشن لیں گے ۔

واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ٹرمپ نے واضح طور پر اپنی فوج کو حکم دیا تھا کہ اب اگر شمالی کوریا بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرے تو اس پر حملہ کر دیا جائے۔ شمالی کوریا نے امریکہ کی اس دھمکی کا جواب ہفتہ وار میزائل تجربے سے دے کر اپنا عزم اور اپنی نظر میں امریکہ کی اہمیت پوری دنیا کے سامنے عیاں کردی ہے۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے جو دو میزائل تجربے کیے تھے وہ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے تھے۔

گذشتہ دنوں کیے جانے والے تجربے کے بارے میں شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا نیا میزائل کا تجربہ تھا جو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ٹیگس