Jan ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • امریکی الزامات مسترد، چین کی جانب سے پاکستان کی حمایت

چین نے پاکستان پر امریکی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو کچلنے کی ذمہ داری کسی خاص ملک پر عائد نہیں کی جاسکتی۔

بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان پر انگلی اٹھانے اور اسے دہشت گردی سے منسلک کرنے کے مخالف ہیں، دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ذمہ داری تنہا پاکستان پرعائد نہیں ہوتی۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے کئی بار یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ عالمی دہشت گردی کی اس جنگ میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا اوربڑی قربانیاں دیں، دنیا بھر کے ممالک کو باہمی اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کرنا ہوگا نہ کہ ایک دوسرے پرانگلی اٹھائی جائے، یہ عمل عالمی دہشت گردی کے خلاف کی گئی کوششوں کے لیے موزوں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین ایسے ممالک کا دفاع کرتا ہے جو دہشت گردی کے خلاف شفاف انداز میں کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے ایسی تمام عالمی مشترکہ کوششوں کا خیر مقدم کرتےہیں جن کی بنیاد باہمی احترام پر ہو ۔

ٹیگس