Aug ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۲:۰۶ Asia/Tehran
  • امریکہ نے ایک بار پھر سعودی عرب کو ہری جھنڈی دکھا دی

امریکہ نے ایک بار پھر سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت اور یمنی عوام کے خلاف اسکے استعمال کا دفاع کیا ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے معائنہ کاروں کی رپورٹ کے برخلاف امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو نے جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم آندرے بابیش کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ امریکہ کی جانب سے سعودی عرب کو ہونے والی اسلحے کی فروخت قوانین کے مطابق انجام پائی ہے۔

مائک پومپئو کا یہ دعوی ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب امریکی وزارت خارجہ کے معائنہ کاروں نے اپنی حالیہ رپورٹ میں یہ اعلان کیا ہے کہ دو ہزار انیس میں سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت کے وقت مائک پومپئو کی ٹیم نے یمن میں عام شہریوں کو لاحق خطرات کا صحیح طور پرجائزہ نہیں لیا۔

 خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے رواں سال کے آغاز میں وزارت خارجہ کے انسپیکٹر جنرل اسٹیو لینیک کو اس لئے انکے عہدے سے برخاست کر دیا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت سمیت ایسے مختلف معاملات کے بارے میں تحقیقات شروع کردی تھیں جنہوں نے مائک پومپئو کو سنگین الزامات سے روبرو کر دیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ یمن کو مارچ دو ہزار پندرہ سے سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کی بہیمانہ جارحیت کا سامنا ہے اور امریکہ اس جارحیت کا اصل حامی شمار ہوتا ہے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link (11) : https://chat.whatsapp.com/BWheYzgo6g14jMJDBW62qg

ٹیگس