نریندر مودی ’ووٹ چوری‘ کر کے وزیر اعظم بنے ہیں، اور اس کا ثبوت موجود ہے: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہمارے پاس ووٹ چوری کے بہت سارے ثبوت ہیں۔ ہم ملک کے نوجوانوں اور جین-زی کے سامنے یہ ثابت کر دیں گے کہ نریندر مودی انتخاب چوری کر کے وزیر اعظم بنے ہیں۔‘‘
سحرنیوز/ہندوستان: لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی لگاتار ’ووٹ چوری‘ کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ ہریانہ اسمبلی انتخاب میں ہوئی مبینہ ووٹ چوری سے متعلق گزشتہ دنوں کی گئی پریس کانفرنس کے بعد راہل گاندھی بہار میں انتخابی جلسوں میں بھی ’ووٹ چوری‘ کی مثالیں دے کر عوام سے محتاط رہنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ آج میڈیا کے سامنے بھی راہل گاندھی نے ’ووٹ چوری‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ’ووٹ چوری‘ کر کے وزیر اعظم بنے ہیں، اور اس کا ثبوت موجود ہے۔
راہل گاندھی نے خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہمارے پاس ووٹ چوری کے بہت سارے ثبوت ہیں۔ ہم ملک کے نوجوانوں اور جین-زی کے سامنے یہ ثابت کر دیں گے کہ نریندر مودی انتخاب چوری کر کے وزیر اعظم بنے ہیں۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہریانہ کے انتخاب میں ہول سیل میں ووٹ چوری ہوئی ہے۔ میں نے نقلی ووٹ، فرضی تصویر جیسے کئی ثبوت پیش کیے تھے، اس کا کوئی جواب نہیں آیا ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی الیکشن کمیشن کو بچانے میں مصروف ہے۔‘‘