Sep ۰۳, ۲۰۱۵ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف پابندی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا
    ایران کے خلاف پابندی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سخت ترین پابندیاں بھی ایران کو ایٹمی ٹکنالوجی کے میدان میں پیشرفت سے باز نہیں رکھ سکی ہیں-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بدھ کے روز فیلاڈلفیا سٹی میں قومی آئینی مرکز میں تقریر کرتے ہوئے ایٹمی صنعت میں ایران کی ترقی و پیشرفت کا تفیصل کے ساتھ ذکر کیا- انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے بہت پہلے ہی ایٹمی فیول سائیکل ٹیکنالوجی پر دسترسی حاصل کرلی تھی-

 جان کیری نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے حالیہ معاہدے کی امریکی سائنسدانوں کی جانب سے حمایت کو اس سمجھوتے کے تکنیکی لحاظ سے معتبر ہونے کی علامت قرار دیا- انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران پہلے ہی سے جنیوا معاہدے کے دائرے میں اپنے وعدوں کا پابند رہا ہے-

 امریکی وزیر خارجہ نے ایٹمی معاہدے کو مسترد کئے جانے کے نتائج کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ معاہدہ مسترد کردیا گیا تو ایران کے خلاف پابندیوں کا ڈھانچہ بکھر جائے گا اور پھر دیگر ممالک پابندیوں کے نفاذ میں امریکہ کا ساتھ نہیں دیں گے-

 قابل ذکر ہے کہ آئندہ ہفتے امریکی کانگریس میں جامع ایکشن پلان کے بارے میں ووٹنگ ہونے والی ہے- ریپبلکنز اس معاہدےکے مخالف ہیں لیکن امریکی صدر نے کہا ہے کہ اگر امریکی کانگریس نے ایٹمی معاہدے کے خلاف ووٹ دیا تو وہ اسے ویٹو کردیں گے-

امریکی قوانین کے مطابق امریکی صدر کے ویٹو کی مخالفت کے لئے ایوان نمائندگان اورسینٹ کے دوتہائی ووٹوں کی ضرورت ہے لیکن بدھ کے روز چونتیس سینٹروں کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی حمایت کرنے سے یہ واضح ہوگیا کہ معاہدے کے مخالفین صدر بارک اوباما کے ویٹو کی مخالفت نہیں کرسکیں گے-

ٹیگس