ہندوستان کو متحد رکھنے کے لئے فرقہ پرستی، اورعدم رواداری کے خلاف جنگ ضروری
ہندوستان کے صدر نے کہا کہ اس ملک میں ایک ارب تیس کروڑ افراد رہتے ہیں ، دو سو مختلف زبانیں بولی جاتی ہیں، سات بڑے مذاہب ہیں، اس کے باوجود ہمارا ایک ہی پرچم اور ایک ہی آئین ہے ۔
ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی نے کہا ہے کہ ہندوستانی عوام نے جس طرح متحد ہوکر نو آبادیاتی استحصال کے خلاف جنگ لڑ کر ہندوستان کو آزادی دلائی اسی طرح آج ملک کو متحد رکھنے کے لئے فرقہ پرستی، تنگ نظری اور عدم رواداری کے خلاف جنگ کی ضرورت ہے ۔
ہندوستان کے صدر نے کہا کہ ہمیں ہندوستان کی ان قدروں اور خوبیوں کا جشن منانا چاہئے جس نے اتنے وسیع و عریض اور گونا گوں خصوصیات کے حامل ملک کو ایک دھاگے میں پرو رکھا ہے۔
ہندوستان کے صدر نے یہ بیان ایسے میں دیا ہے کہ حالیہ دنوں میں انتہا پسند ہندووں نے مسلمانوں کے خلاف ایک نیا محاذ کھول کر اس ملک کے مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈہ مہم شروع کر دی ہے۔