ہندوستان: نکسلیوں اور فورسز کے مابین فائرنگ، 25 فوجی ہلاک
Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
ہندوستان کے وزیر اعظم نے 25 فوجیوں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے چھتیس گڑھ کے سکما علاقے میں کل نکسلیوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے 25 فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کی قربانی ضائع نہیں جانے دی جائے گی۔
نریندر مودی نے حملے کو بزدلانہ اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم حالات پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں.
واضح رہے کہ چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ ضلع سکما میں پیر کو نکسلیوں نے سی آر پی ایف کی ٹیم پر گھات لگا کر حملہ کر دیا، جس میں 25 اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔
نکسلیوں اور فورسز کے مابین تقریبا تین گھنٹے تک فائرنگ ہوتی رہی۔
واضح رہے ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغی سرگرم ہیں اور وہ آئے دن حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔