ہندوستان اور چین کے درمیان کشیدگی کی کوئی صورتحال نہیں
ہندوستان نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ زمینی کشیدگی یا تصادم کی کوئی صورتحال نہیں، سفارتی سطح پر گفتگو جاری ہے۔
ہندوستان کے سکریٹری خارجہ ایس جے شنكر نے کانگریس کے ایم پی اور سابق وزیر مملکت امور خارجہ ششی تھرور کی صدارت والی کمیٹی کے دو گھنٹے سے زیادہ چلنے والے اجلاس میں چین - ہندوستان تعطل کے ہر پہلو پر ممبران پارلیمنٹ کے سوالوں کا تفصیلی جواب دیا۔
ایس جے شنكر نے پارلیمنٹ کی خارجہ امور کی مجلس قائمہ کو سكم- بھوٹان سرحد پر ڈوكالم علاقے میں ہند اور چین کی فوج کے درمیان تعطل کے سلسلے میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زمینی سطح پر کشیدگی یا تصادم کی کوئی صورت حال نہیں ہے اور اس معاملے پر سفارتی سطح پر بات چیت کر رہے ہیں۔
میٹنگ میں شامل ایک ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ خارجہ سکریٹری نے بتایا کہ چین کی جانب سے 1962 کے بعد سے ایسے واقعات کئی بار ہوئے ہیں لیکن اس بار چین نے اپنے میڈیا کے ذریعے اس پر بہت جارحانہ رخ اختیار کیا ہے۔ اگرچہ زمین پر کشیدگی اور فوجی تصادم کے حالات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں جو دکھایا جا رہا ہے، وہ صحیح نہیں ہے۔