Mar ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان، یوم نسواں کے موقع پر بھی خواتین کے مظاہرے جاری

ہندوستان کے مختلف علاقوں اور شہروں میں سی اے اے، این آر سی اور این پی آرے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستانی ذرائع سے موصولہ خبروں اور رپورٹوں کے مطابق گذشتہ ڈھائی مہینے سے دہلی کے شاہین باغ میں سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف خواتین کا دھرنا جاری ہے۔ ہندوستان کے دیگر علاقوں کی طرح شاہین باغ میں دھرنے پر بیٹھی خواتین کا مطالبہ ہے کہ سی اے اے کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔
دھرنے میں شامل خواتین نے اپنے مطالبات پورے ہونے تک اپنا احتجاج اور دھرنہ جاری رکھنے کے لئے اپنے فولادی عزم کا اعادہ کیا۔
دہلی میں مسلسل بارش اور اس کی وجہ سے ٹھنڈ بڑھنے کے باوجود شاہین باغ میں دھرنے پر بیٹھی خواتین کے حوصلے بلند ہیں اور لوگ اب بھی بڑی تعداد میں شاہین باغ دھرنے میں پہنچ رہے ہیں جبکہ خواتین اور بچے پہلے سے ہی کثیر تعداد میں وہاں موجود ہیں ۔
دوسری جانب ریاست اترپردیش کے شہر الہ آباد ، دارالحکومت لکھنئو اور علیگڑھ میں بھی سی اے اے کے خلاف دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔
الہ آباد کے روشن باغ میں واقع منصور پارک میں گذشتہ چھپن دنوں سے سی اے اے کے خلاف خواتین کا احتجاجی دھرنا جاری ہے ۔
پولیس انتظامیہ نے اب تک احتجاج میں شامل تقریباً دو سو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے ۔ پولیس کی طرف سے ان کاروائیوں کے باوجود خواتین نے دھرنا ختم کرنے سے صاف انکارکر دیا ہے 
روشن باغ کے منصور پارک میں بیٹھی خواتین کا کہنا ہے کہ شہریت ترمیمی قانون اور این پی آر کے خلاف ان کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ اس قانون کو حکومت واپس نہیں لے لیتی ۔ 
ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے معروف حسین آباد ، گھنٹہ گھر علاقے میں بھی سی اے اے کے خلاف دھرنے پر بیٹھی خواتین بھی پولیس اور حکومت کی دھمکیوں کے باوجود اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ 
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے تاریخی تعلیمی مرکز مسلم یونیورسٹی علیگڑھ کے طلباء نے آج ایک بار پھر یونیورسٹی کے باہر سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔  ان مظاہروں میں بڑی تعداد میں طلبہ اور طالبات نے حصہ لیا اور سی اے اے نیز موجودہ حکومت کے خلاف خوب نعرے لگائے۔
مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ ہمیں سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر اور موجودہ حکومت سے آزادی دلائی جائے۔
علیگڑھ شہر میں بھی سی اے اے کے خلاف خواتین کا دھرنا جاری ہے اور بارش کی بنا پر شاہ جمال عید گاہ علاقے کے باہر دھرنے پر بیٹھی خواتین کو  پانی بھرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ضرور رہا تاہم دھرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ مہینے فروری کےآخری ایام میں  سی اے اے کے خلاف دھرنے پر بیٹھے مظاہرین پر شرپسندوں کے حملے کے سبب دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا تاہم اب سرکاری طور پر ایک فہرست جاری کی گئی ہے جس کے مطابق دہلی فسادات میں انچاس افراد جاں بحق جبکہ پانچ سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں ۔

ٹیگس