Mar ۲۹, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان، لاک ڈاؤن کے باوجود بڑھ رہا ہے کورونا

ہندوستان میں کورونا وائرس کے خلاف مہم کے تحت ملک گیر لاک ڈاؤن پوری سختی کے ساتھ جاری ہے۔ اس کے باوجود وائرس سے مرنے والوں اور متاثرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد پچیس اور متاثرین کی تعداد نو سو انہتر ہوگئی ہے ۔ ہندوستان کی وزارت صحت نے اتوار کی صبح اعلان کیا کہ کورونا وائرس ملک کی ستائیس ریاستوں میں پھیل چکا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان بھر میں لاک ڈاؤن پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ 
اس دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے پوری دنیا کو بحران میں ڈال دیا ہے اور اس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملک میں لاک ڈاﺅن کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سے لوگوں خاص طور سے غریبوں کو دقت ہو رہی ہے جس کے لئے میں ان سے معذرت خواہ ہوں۔
مسٹر مودی نے اتوار کو ریڈیو سے نشر اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا کہ یہ زندگی اور موت کی جنگ ہے اور ہمیں کورونا وائرس کو شکست دینی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن سخت قدم ہے لیکن اگر یہ قدم نہیں اٹھایا جاتا تو بحران مزید تیزی سے بڑھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے انفیکشن سے نجات کا یہی ایک طریقہ تھا۔

 

ٹیگس