May ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں دلخراش حادثہ، مزدور ٹرین سے کٹ کر مرے

ہندوستان میں ایک دلخراش حادثے میں پندرہ مزدوروں کی موت ہو گئی جبکہ شدید زخمی ایک مزدور کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ہندوستان ریلوے ذرائع نے بتایا کہ مہاراشٹر میں جمعے کی صبح سویرے اورنگ آباد کے نزدیک بدنا پور کرماڈ ریلوے ڈویژن میں ایک مال گاڑی سے کٹ کر پندرہ مزدوروں کی موت ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن میں پھنسے ہوئے یہ لوگ گذشتہ شام سات بجے پیدل ہی جالنہ سے ریاست مدھیہ پردیش جانے کے لئے نکلے تھے اور بدنا پور تک سڑک پر چلتے ہوئے آئے تھے اور بعد میں اورنگ آباد کی طرف ریلوے ٹریک کے کنارے چلنے لگے۔

تقریبا چھتیس کلو میٹر تک چلنے کے بعد انہیں تھکن کا احساس ہوا تو وہ ریلوے ٹریک پر ہی کچھ دیر آرام کرنے کے لئے بیٹھ گئے اور تھوڑی دیر بعد انکی آنکھ لگ گئی۔ اسی اثنا میں وہاں سے ایک مال گاڑی گزری اور انہیں اپنی جان بچانے کا موقع تک نہ مل پایا اور وہ ریل گاڑی کی زد میں آگئے۔

اس دلخراش حادثے پر ہندوستان کے نائب صدر ایم وینکیا نایڈ، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انکے لواحقین کو ہر ممکن مدد مہیا کرانے کی ہدایات دی ہیں۔

ہندوستان میں لاک ڈاؤن کے سبب سبھی بڑے شہروں سے لاکھوں مزدور انتہائی مشکل حالات میں  پیدل ہی ہزاروں کلومیٹر کا سفر طے کر کے اپنے وطن اور گھروں کو نکل پڑے ہیں -

ٹیگس