طیارہ حادثے پر ہندوستانی حکام نے کیا دکھ کا اظہار
ہندوستان میں مسافر بردار طیارے کے حادثے پر اس ملک کے وزیر اعظم اور سیاسی جماعتوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر اعلی حکام اور رہنماؤں نے کوزی کوڈ ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا کے طیارہ کے اترتے وقت حادثہ کا شکار ہوجانے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے حادثہ میں مارے گئے لوگوں کے گھروالوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے اسے خوفناک حادثہ قرار دیتے ہوئے جلد از جلد تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ کل ایئر انڈیا کا بوئنگ 737 دبئی سے کیلی کٹ پہنچا تھا جس میں عملے سمیت 191 افراد سوار تھے اور بارش کے دوران لینڈنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا۔ مقامی ٹی وی کا کہنا تھا کہ طیارہ رن وے میں لینڈنگ کے دوران حادثے کے باعث دو ٹکڑوں میں تقسیم ہوا۔
طیارے میں 10 شیرخوار بچے بھی سوار تھے۔ کیرالا پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ حادثے میں دو پائلٹوں سمیت کم ازکم 20 مسافر ہلاک ہوئے جبکہ 123 افراد زخمی ہوئے تھے۔