سرحدی علاقے میں فوجیں نہ بھیجنے پر اتفاق
چین اور ہندوستان نے متنازعہ سرحدی علاقے میں مزید فوجیں نہ بھیجنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
چین کی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہندوستان اور چین کے فوجی کمانڈروں کے درمیان مذاکرات کے چھٹے دور میں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ سرحدوں پر صورتحال کو جوں کا توباقی رکھا جائے اور یک طرفہ تبدیلی سے گریز کیا جائے۔
بیان کے مطابق بیجنگ اور نئی دہلی نے فوجی کمانڈروں کے درمیان ساتویں دور کے مذاکرات عنقریب منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
چین نے اس سے پہلے دعوی کیا تھا کہ ہندوستان نے دو طرفہ سمجھوتوں کی خلاف ورزی کرکے سرحدی علاقوں کے امن و استحکام کو کمزور کردیا ہے۔ ہندوستان نے چین کے اس دعوے کو ہمیشہ مسترد کردیا۔
ہندوستان اور چین کی سرحدی افواج کے درمیان حالیہ مہینوں کے دوران لداخ سیکٹر پر متعدد بار جھڑپیں ہوچکی ہیں۔
دونوں ممالک سن دوہزار تین سے اب تک سرحدی اختلافات کے بارے میں بیس بار مذاکرات کرچکے ہیں۔ لیکن ان کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا ہے۔