حکومت نے نیا بل پاس کر کے کسانوں کے قتل کا فرمان جاری کیا: راہل گاندھی
ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے زراعت بل کے تعلق سے مرکزی حکومت پر سخت ترین تنقید کی ہے۔
راہل گاندھی نے پیر کو ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے اس قانون کے ذریعے در اصل کسانوں کے قتل کا فرمان صادر کیا ہے۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ کسانوں سے متعلق بل کے سلسلے میں ان کی آواز کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ دبا دیا گیا جو بقول ان کے اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان میں جمہوریت ختم ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں زراعت ترمیمی بل کے خلاف کسانوں کے احتجاج میں تیزی
ہندوستان، حکومت کی زرعی پالیسی کے خلاف کسانوں کی ہڑتال
یاد رہے کہ ہندوستان میں زراعت اور کسانوں سے متعلق بلوں کی کانگریس سمیت سبھی اپوزیشن جماعتوں نے سخت مخالفت کی تھی اور اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں ایوانوں سے واک آؤٹ کر دیا تھا اور پارلیمنٹ نے اپوزیشن اراکین کی غیر موجودگی میں پاس کیا ہے۔
بل پاس ہونے کے بعد کانگریس پارٹی نے اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے اس بل کو پاس کر کے کسانوں کو صنعتکاروں کا غلام بنا دیا ہے۔ بل کے خلاف ہندوستان بھر میں کسانوں کے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے۔