Nov ۰۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور چین کے فوجیوں کو سرحدوں پر پیچھے ہٹانے پر اتفاق نہ ہو سکا

ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدوں سے فوجیوں کو پیچھے ہٹانے پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق مشرقی لداخ میں حقیقی لائن آف کنٹرول پر گزشتہ چھے مہینے سے جاری تعطل کو ختم کرنے کے لئے ، ہندوستان اور چین کے فوجی کمانڈروں کے درمیان آٹھویں دور کے مذاکرات بھی کسی ٹھوس نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گئے۔

اس رپورٹ کے مطابق سرحدی علاقے چشول میں دونوں ملکوں کے اعلی فوجی کمانڈروں کے درمیان دس گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں، دونوں فریقوں نے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مذاکرات مثبت اور سازگار ماحول میں انجام پائے لیکن فوجیوں کو پیچھے ہٹانے پر اتفاق نہ ہوسکا۔

ہندوستان اور چین کے فوجی کمانڈروں نے آٹھویں دور کے مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ فوجی کمانڈروں کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان بھی سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات ہوں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائےگا کہ محاذوں پر تعینات فوجی تحمل سے کام لیں گے اور غلط فہمی نیز ناسمجھی کے ہر اقدام سے پرہیز کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدوں پر امن کی برقراری

ٹیگس