Dec ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • علیگڑھ مسلم یونیورسٹی ایک چھوٹا ہندوستان اور ملک کی وراثت ہے: وزیر اعظم مودی

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صدی کی تقریبات کو خطاب کرتے ہوئے اس یونیورسٹی کو ہندوستان کی غیر معمولی وراثت اور ایک چھوٹا ہندوستان قرار دیا۔

ویڈیولینک کے ذریعے ہندوستان کے وزیر اعظم نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سو سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران کورونا کے سخت حالات میں اے ایم یو کے ذریعے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

نریندر مودی نے کہا کہ اس مشکل دور میں اس یونیورسٹی نے بہت ہی اہم اقدامات انجام دئے اور جس طرح سے اس نے سماج کی خدمت کی اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ اے ایم ایو سماج کے تئین اپنی ذمہ داریوں کی ادائگی میں کتنی سنجیدہ ہے-

ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی کے دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے دنیا کے بہت سے ملکوں کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مستحکم بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اردو، عربی اور فارسی زبانوں اور اسلامی تاریخ پر یہاں جو تحقیقات ہوتی ہیں وہ پورے عالم اسلام کے ساتھ ہندوستان کے ثقافتی تعلقات کو تقویت پہنچاتی ہیں-

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ اے ایم یو سے تعلیم مکمل کرنے والے لوگ صرف ہندوستان میں ہی اعلی عہدوں پر فائز نہیں ہیں بلکہ دنیا کے بہت سے ملکوں میں اپنا اور ہندوستان کا نام روشن کئے ہوئے ہیں اور اے ایم یو کے پڑھے ہوئے لوگ دنیا میں کہیں بھی ہوں وہ ہندوستانی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق مودی کے خطاب کا جہاں یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طلبا نے خیرمقدم کیا وہیں طلبا کے ایک گروپ نے ان کے خطاب کا با‏ئیکاٹ کرتے ہوئے اس کی مخالفت بھی کی۔

ٹیگس