Feb ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور چین کا فوجیوں کو سرحدوں سے ہٹانے کا فیصلہ

ہندوستان اور چین پینگونگ جھیل کی سرحد سے اپنے فوجی ہٹا رہے ہیں۔

ہندوستان کے سرکاری خبر رساں ادارے یو این آئی کے مطابق ہندوستان اور چین نے پینگونگ جھیل کی سرحد سے فوجیوں کو ہٹانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس بات کا اعلان ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں کیا۔

انہوں نے اس معاہدے کو ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی کم کرنے میں ایک بڑی پیشرفت سے تعبیر کیا ہے۔
انہوں نے مشرقی لداخ سیکٹر پر ہندوستان اور چین کے درمیان کشیدگی کے تعلق سے کہا کہ ہم تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں لیکن ہمارا واضح موقف یہ ہے کہ اپنی سرزمین کی ایک انچ پر بھی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کو ہندوستان کے اس موقف سے اچھی طرح آگاہ کر دیا گیا ہے۔

راجناتھ سنگھ نے بتایا کہ ہندوستان کے مضبوط موقف اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کو حل کرنے کی پالیسی کے نتیجے میں چین کے ساتھ پینگونگ جھیل کے جنوبی اور شمالی دونوں طرف سے افواج کو ہٹانے کا معاہدہ ہو گیا ہے اور ہندوستان اور چین کے فوجی کمانڈروں کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جمعے کو انجام پائے گا۔
ہندوستان کی حزب اختلاف کانگریس پارٹی مسلسل مودی حکومت پر ، چین کے مقابلے میں کمزوری اور ایل اے سی پر چینی فوجیوں کی جانب سے مبینہ دراندازی کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کرتی رہی ہے۔

 

ٹیگس