ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کے سمجھوتے کا خیر مقدم
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے جنگ بندی پر سختی سے عمل کرنے پر ہندوستان اورپاکستان کے اتفاق کا خیر مقدم کیا ہے۔
سری نگر سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی سابق وزیر اعلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ خوش آیند ہے۔
انھوں نےہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت بڑی پیشرفت ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے اندر اور سرحدوں پر تشدد روکنے کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ محبوبہ مفتی نے دو دن قبل سری نگر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب میں بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہندوستان اور پاکستان سے مذاکرات کی اپیل کی تھی ۔
محبوبہ مفتی ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پی ڈی پی اور بے جی پی کی مخلوط حکومت کی وزیر اعلا تھیں لیکن جب نئی دہلی حکومت نے آئین کی شق نمبر تین سو ستر اور پینتس اے کو منسوخ کرکے کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کردی تو انہیں ایک طویل عرصے تک نظر بند رکھا گیا تھا جبکہ ان کا شمار ہند نواز سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔