ہندوستان کے وزیراعظم نے دی عید نوروزکی مبارکباد
عید نوروز پردنیا کے مختلف ممالک کے اعلی حکام کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستان کےوزیراعظم نریندرمودی نے نوروز کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ نوروز مبارک، دعا کرتا ہوں کہ یہ سال ہر شخص کے لیے خوشی، اچھی صحت اور خوشحالی سے بھرا ہو۔
اس سے قبل جاپان کے وزیر خارجہ سمیت کئی ممالک کے اعلی حکام نے عید نوروز کی مبارکباد دی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کل ہجری شمسی کیلنڈر کے نئے سال کے آغاز کی مناسبت سے اپنے پیغام میں اپنے سبھی عزیز ہم وطنوں بالخصوص شہیدوں اور اپنے اعضائے بدن کی قربانی دینے والے جانبازوں کے لواحقین اور خود جسمانی معذوری سے دوچار جانبازوں اور (مسلط کردہ جنگ میں حصہ لینے والے) سبھی فداکارسپاہیوں کو اور ان سب اقوام کو جو عید نوروز مناتی ہیں، عید نوروز اور نئے سال کے آغاز کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس سال ہماری یہ عید (نوروز) شعبان کی عیدوں کے مبارک موقع پرآئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ مناسبت، ہمارے نئے سال کے لئے مادی اور روحانی دونوں لحاظ سے، انشاء اللہ بے شمار برکتوں کا باعث بنے گی ۔ سن 1400 (ہجری شمسی) اس لحاظ سے بہت متبرک ہے کہ اس میں نیمہ شعبان دو بار آئے گی اور ہمارے عوام حضرت ولی اللہ الاعظم یعنی امام مہدی (ارواحنا فداہ) کے یوم ولادت باسعات کا جشن دو بار منائیں گے۔
آپ نے فرمایا کہ ہمارے دشمن جن میں سب سے آگے امریکہ ہے، اپنے زیادہ سے زیادہ دباؤ سے ہماری قوم کو جھکا دینا چاہتے تھے۔ آج وہ خود اور ان کے یورپی دوست کہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ ناکام ہو گیا۔ ہم تو جانتے ہی تھے کہ ناکام ہوگا اور ہم دشمن کو شکست دینے کے لئے پرعزم بھی تھے۔ ہم جانتے تھے کہ ایرانی قوم استقامت دکھائے گی۔ لیکن آج وہ خود بھی اعتراف کر رہے ہیں کہ یہ دباؤ ناکام ہو گیا۔
سن 1400 (ہجری شمسی) جو اس نئے سال کی آمد سے شروع ہو رہا ہے، درحقیقت ایک لحاظ سے نئی صدی کا آغاز ہے۔ درحقیقت ںئی صدی شروع ہو رہی ہے۔ بنابریں ملک کے مسائل کو طویل المیعاد نقطہ نگاہ سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا دراز مدتی نگاہ سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے اور سن 1400 بہت ہی اہم اور حساس سال ہے۔ ان انتخابات کی وجہ سے بھی جو اوائل سال میں درپیش ہیں، سن 1400 کے (تیسرے مہینے) خرداد ماہ (مئی جون) میں اہم انتخابات ہوں گے۔ یہ انتخابات ملک کے حالات و واقعات اور مستقبل پر بہت زیادہ اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ ںئی انتظامیہ اقتدار میں آئے گی۔ ان شاء اللہ تازہ دم اور گوناگوں جذبات کے ساتھ ملک میں نئی حکومت اجرائی امور کا انتظام سنبھالے گی۔ بنابریں ایک لحاظ سے اس سال کے انتخابات بہت حساس اور اہم ہیں۔
نئے ایرانی سال چودہ سو ہجری شمسی کے آغاز اور عید نوروز کے موقع پر اپنے نشری پیغام میں صدر حسن روحانی نے قوم کو نوروز کی مبارک باد دی اور ایرانی عوام کے خلاف مسلط کی جانے والی بے رحمانہ اور ظالمانہ پابندیوں اور اقتصادی جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم نے ایسے وقت میں کورونا کا مقابلہ کیا ہے جب ہم اس وبا کے مقابلے میں معمول کی عالمی امداد سے بھی محروم تھے حتی دنیا بھر کے بینکوں میں موجود اثاثوں تک بھی دسترسی حاصل نہیں تھی۔