کشمیر میں گرینیڈ حملہ، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد
مسلح افراد نے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سنگم اننت ناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو عام شہری زخمی ہوگئے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایل او سی کے نزیک بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
ایک فوجی ترجمان نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے اتوار کی شام کرناہ علاقے میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع دھنی گاؤں میں ایک آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا۔
انہوں نے کہا کہ بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں 5 اے کے رائفلز، 6 اے کے میگزین،7 پستول اور 9 پستول میگزین شامل ہیں۔
دوسری جانب جموں سرینگر قومی شاہراہ پر سنگم اننت ناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو عام شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو بجبہاڑہ کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حملے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے پورے علاقے کا محاصرہ کیا اورحملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کر دی گئی ہے۔