ہندوستان میں کورونا، مہاراشٹر میں کرفیو نافذ
گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہندوستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے اور یہ 60 ہزار سے کم ہو کر 56 ہزار پر آ گئے۔ قبل ازیں پیر کے روز 68020 کیسز درج کیے گئے تھے جبکہ اتوار کو تعداد 62714 تھی۔
ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 56 ہزار211 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ 95 ہزار 855 ہو گئی ۔ اسی دوران مزید 271 مریضوں کی موت کے ساتھ اس بیماری سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار214 ہو گئی ہے۔
در ایں اثناء ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 40 ہزار 414 کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد مہاراشٹر میں رات 8 بجے سےصبح 7 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا اور مہاراشٹر میں تمام اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ مہاراشٹر میں ریسٹورنٹس، پارک اور شاپنگ مالز بھی رات کے کرفیو کے دوران بند رہیں گے۔