کورونا ویکسینیشن میں حکومت کی حکمت عملی ناکام رہی: راہل گاندھی
کانگریس کے سابق صدر اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری نے کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت کی کارکردگی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کورونا ویکسینیشن میں حکومت کی حکمت عملی کو ناکام قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ رویئے کے سبب ملک کو کورونا ٹیکے اور آکسیجن کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ مرکزی حکومت کی ویکسین کی حکمت عملی نوٹ بندی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لائنوں میں لگنے سے ان کی صحت اور جان کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ اس سے صرف کچھ صنعت کاروں کو ہی فائدہ ہوگا۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت کی ٹیکہ کاری کے سلسلے میں کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے درمیان کافی وقت تھا اور حکومت کو معلوم تھا کہ دوسری لہر آئے گی، پھر بھی اس سے نمٹنے کی حکمت عملی وضع نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھ کروڑ کورونا ویکسین برآمد کی لیکن اپنے ملک کے لوگوں کی ضرورت کے مطابق ٹیکے دستیاب نہیں ہوپا رہے ہیں۔
دوسری جانب ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ طوفان کی شکل اختیار کرنے والی کورونا وبا کی دوسری لہر نے ملک کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج کھڑا کردیا ہے لیکن صبر و تحمل اور عزم کے ساتھ عوامی شراکت کی طاقت سے ملک اس طوفان کو شکست دے سکتا ہے۔
نریندرمودی نے پورے ملک میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان منگل کی رات پونے نو بجے اچانک اس ملک کے عوام سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک ایک بار پھر کورونا کے ساتھ ایک بڑی جنگ لڑرہا ہے ، پچھلے سال کی صورتحال پھر بھی قابو میں تھی لیکن اس بار کورونا انفیکشن کی دوسری لہر طوفان بن چکی ہے جس نے ایک بہت بڑا چیلنج کھڑا کردیا ہے۔