ہندوستان: کورونا سے ایک دن میں 3 لاکھ 87 ہزارافراد متاثر
ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کئی لاکھ افراد متاثر اور ہزاروں ہلاک ہوئے۔
ہندوستان میں ایک روز میں کورونا سے مزید 3 ہزار 498 افراد لقمہ اجل بن گئے اور 3 لاکھ 86 ہزار 452 افراد متاثر ہوئے، وبا کے بعد کسی بھی ملک کے یہ اب تک سب سے زیادہ یومیہ کیسز ہیں، دہلی میں شمشان گھاٹ پر کام کرنے والوں کا کہنا ہے ایسا منظر زندگی میں کبھی نہیں دیکھا۔ قبرستانوں میں بھی مسلسل کام چل رہا ہے، لوگ اپنے پیاروں کو دفنانے آ رہے ہیں۔
وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اترپردیش سمیت 6 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں جہاں کورونا کے سرگرم معاملات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے وہیں باقی ریاستوں / مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے ۔
ہندوستان کی وزارت داخلہ نے کورونا انفیکشن کی دس فیصد سے زیادہ کی شرح والی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں سے مقامی سطح پر کنٹنمنٹ زون کے نظام کو سختی سے نافذ کرنے کے لئے کہا ہے ۔ اس حکم میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے نمٹنے کیلئے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت اعلان ضروری اقدامات کو سخت سے نافذ کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی روز سے ہندوستان میں روزانہ ریکارڈ تعداد میں لوگ مہلک وائرس سے متاثر اور ہلاک ہو رہے ہیں اور ہر آنے والے دن اس تعداد میں اضافہ ہی ہوتا چلا جا رہا ہے۔