May ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۳:۱۴ Asia/Tehran
  • کورونا پر قابو پانے کیلئے مکمل لاک ڈاؤن ضروری: راہل گاندھی

ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار449 مریضوں کی موت ہوئی ہے ۔

کانگریس کے رہنما اور سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز پر قابو پانے اور وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن ہی اب واحد حل ہے۔

راہل گاندھی نے آج منگل کے روز ٹوئٹ کیا ’’حکومت ہندوستان کو یہ سمجھنا چاہئے کہ عدالتی نظام کے تحت غریبوں اور مزدوروں کو تحفظ فراہم کرکے اس وبا کو روکنے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن ہی واحد طریقہ ہے۔‘‘ حکومت کی بے عملی کی وجہ سے بہت سارے بےگناہ افراد مارے جا رہے ہیں‘‘۔

ہندوستان میں کورونا کے قہر کے درمیان گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار449 مریضوں کی موت ہوئی ہے ۔ تاہم وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریبا 3 لاکھ 20 ہزار مریض صحتیاب ہوئے ہیں، تاہم اس دوران ساڑھے تین لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ پیر کے روز 17 لاکھ 08 ہزار 390 افراد کو کوروناکے ٹیکے لگائے گئے ۔ ہندوستان میں اب تک 15 کروڑ 89 لاکھ 32 ہزار 921 افراد کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔

دہلی میں کورونا وائرس کے حالات اب پہلے کے مقابلہ میں کچھ بہتر ہوئے ہیں ۔ تاہم موت کے اعداد و شمار ڈرانے والے ہیں ۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے میں جو تعداد سامنے آئی ہے، اس کو کچھ حد تک اطمینان بخش کہا جاسکتا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کے 18043 نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور 448 افراد کی موت ہوئی ہے ۔

ٹیگس