کشمیر میں فائرنگ سے پولیس افسر اہلیہ اور بیٹی سمیت ہلاک
کشمیر میں کل شام مسلح افراد کے حملے میں پولیس افسر اہلیہ اوربیٹی سمیت ہلاک ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام جنوبی کشمیر کے قصبہ اونتی پورہ کے ہاری پاری گام علاقے میں اتوار کی شام مسلح افراد فیاض احمد نامی اسپیشل پولیس افسرکے گھر میں داخل ہوئے اور اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں فیاض احمد اور ان کی اہلیہ راجہ بیگم ہلاک جبکہ ان کی بیٹی زخمی ہوئیں تاہم بیٹی بھی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئی۔
پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی مہم شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ جموں کے ائیر فورس اسٹیشن کے ٹکنیکل علاقہ میں بارود سے بھری 2 ڈرون حملوں کے واقعے کے بعد منظرعام پر آیا ہے ۔ پہلا دھماکہ آدھی رات 1.40 بجے کے قریب ہوا جس کی وجہ سے ہوائی اڈے کےٹکنیکل علاقہ میں ایک عمارت کی چھت گر گئی۔ جبکہ دوسرا دھماکہ چھ منٹ بعد زمین پر ہوا۔اس دھماکے میں فضائیہ کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
جموں ایئر پورٹ اور بین الاقوامی سرحد کے درمیان ہوائی فاصلہ 14 کلو میٹر ہے۔ تفتیش میں شامل افسران دونوں ڈرون کے ہوائی راستے کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔