Aug ۳۱, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان نے افغانستان سے متعلق ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے افغانستان سے متعلق ایک اعلی سطحی کمیٹی بنادی ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کی تشکیل کردہ اعلی سطحی کمیٹی میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال اور دیگر اعلی عہدیدار شامل ہیں۔ اس کمیٹی کو افغانستان کے بدلتے ہوئے حالات میں ہندوستانی مفادات کے تحفظ پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ افغانستان میں ہندوستان نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے اور کئی ترقیاتی منصوبے شروع کئے تھے۔ ہندوستان کی اعلی سطحی خصوصی کمیٹی کو افغانستان میں روز مرہ کی پیشرفت اور اس بات پر نظر رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ تازہ صورتحال کا افغانستان میں اس کے مفادات پر کیا اثر پڑ سکتا ہے۔
ہندوستان کی مرکزی حکومت کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ فی الحال ہندوستان کی سب سے بڑی ترجیح، افغانستان سے ہندوستانی شہریوں کی محفوظ واپسی اور اقلیتوں کا تحفظ ہے۔ نئی دہلی حکومت، اسی کے ساتھ یہ بھی چاہتی ہے کہ افغانستان کی سرزمین ہندوستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لئے استعمال نہ کی جائے ۔
یو این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے خصوصی کمیٹی کو افغانستان کے بدلتے ہوئے حالات میں نئی دہلی کی فوری ترجیحات پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
ہندوستان کی مرکزی حکومت نے افغانستان کے تعلق سے ملک کی حزب اختلاف کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کی کوشش کی ہے۔ اسی مقصد کے تحت وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے رہنماؤں کو افغانستان کے نئے حالات اور حکومت کی پالیسیوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی ہے۔

ٹیگس