Sep ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۸ Asia/Tehran
  • روسی سیکورٹی چیف کا دورہ ہندوستان

ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اور روس کے سیکورٹی چیف نے افغانستان کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق روس کے سیکورٹی چیف پتروشیف بدھ کو دو روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچے۔ اس دورے میں مختلف روسی وزارتوں اور محکموں کے اعلی رتبہ حکام بھی روسی سیکورٹی چیف کے وفد میں شامل ہیں ۔

افغانستان میں آنے والی تبدیلی کے تناظر میں روس کے سیکورٹی چیف کے دورہ ہندوستان کو کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور روسی سیکورٹی چیف نیکولے پتروشیف کے درمیان مشترکہ سیکورٹی امور پر مذاکرات کا پہلا دور انجام پایا۔ مذاکرات کے اس دور میں خاص طور پر افغانستان کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ہندوستان اور روس کے سیکورٹی سربراہوں کی ملاقات میں طالبان کی حکومت کے تعلق سے ماسکو اور نئی دہلی کے موقف کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی گئی ۔مذاکرات کے آغاز سے پہلے روسی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسٹر ڈوبھال نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی خاص ملاقات ہے جو ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو کے بعد ہورہی ہے۔

ٹیگس