Sep ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے وزیراعظم امریکہ کے دورے پر روانہ

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی امریکہ کے تین روزہ دورے پر بدھ کو روانہ ہو گئے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اپنے اس دورے میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات اور دو طرفہ تعاون سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وہ اسی طرح امریکہ، جاپان، ہندوستان اور آسٹریلیا کے سربراہوں کے ایک اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔ نریندر مودی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

روانگی سے قبل ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ ان کا دورہ امریکہ اسٹریٹیجک شراکت داروں امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے کا ایک موقع ثابت ہوگا۔ امریکہ میں جو بائیڈن کے برسر اقتدار آنے کے بعد ہندوستان کے وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ امریکہ ہے۔امریکی صدر اور ہندوستان کے وزیراعظم، اگرچہ کئی اجلاسوں میں ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کر چکے ہیں تاہم دونوں ملکوں کے سربواہوں کے درمیان یہ پہلی بالمشافہ ملاقات ہو گی۔جاپان، آسٹریلیا اور امریکہ کے سربراہوں کے ساتھ ہندوستانی وزیراعظم کی یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں انجام پانے والی ہے کہ جب آسٹریلیا کے ساتھ امریکہ کے ایٹمی معاہدے کے بعد مغرب میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔

ٹیگس