انصاف کی اس لڑائی میں ہم کسانوں کے ساتھ ہیں: راہل گاندھی
کسان اپنے مطالبے کے سلسلے میں آج دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر دھرنا دیں گے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتر پردیش کی انچارج جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کو لکھیم پور جاتے ہوئے سیتاپور میں حراست میں لئے جانے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت ان کی ہمت دیکھ کر خوفزدہ ہوگئی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ یہ انصاف کی لڑائی ہے اور اس میں ہم ملک کے کسانوں کے ساتھ ہیں۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کو کچلنے کے واقعہ کو غیر انسانی قرار دیا اور کہا کہ اس قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیے بغیر ان پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے ٹویٹ کیا کہ جو اس غیر انسانی قتل عام کو دیکھ کر بھی خاموش ہے وہ پہلے ہی مر چکا ہے۔
دوسری جانب لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے جنرل سکریٹری ستیش مشرا کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنما سنجے سنگھ اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کو سیتاپور میں پولیس کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب کسان مورچہ کی طرف سے دہلی کے کسانوں کے مسائل کے حل کےمطالبے کے سلسلے میں آج 4 اکتوبر کو دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر دھرنا دے گا۔
واضح رہے کہ اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں پرتشدد جھڑپ میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت کے سلسلے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
حالات بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر ضلع میں حکم امتناعی اورانٹرنیٹ خدمات متاثر ہیں۔ آج اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضلع کی سرحدوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔