Oct ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • اپوزیشن جماعتوں نے ہندوستان کی مرکزی اور یوپی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیا

ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے لکھیم پور سانحے کے تعلق سے مرکز اور یوپی کی بی جے پی حکومتوں کے طرز عمل کو زخموں پر نمک چھڑکنے سے تعبیر کیا ہے۔

کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر قانون اشونی کمار نے نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ لکھیم پور کا واقعہ کسی پارٹی کی سیاست کے دائرہ کار میں نہیں آتا بلکہ یہ ملک کی اقدار کا سوال ہے۔
انھوں نے اس واقعے میں معاوضے کی رقم سے متعلق تشہیر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی زندگی کا معاوضہ نہیں دیا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی دونوں حکومتیں لکھیم پور سانحے کے تعلق سے بے حسی دکھا رہی ہیں۔ انھوں نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملنے کے لئے جانے والے سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غمزدہ کنبوں کے اراکین سے سیاستدانوں کو ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جو بہت ہی افسوسناک ہے۔

کانگریسی رہنما نے کہا کہ بی جے پی حکومت طاقت کے نشے میں چور انگریزوں کی طرح برتاؤ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت جواب دے کہ مرکزی وزیر مملکت اجے مشرا کو اب تک برخاست کیوں نہیں کیا گیا؟ انھوں نے کہا کہ کوئی حکومت ملک کے شہریوں کو گاڑی سے کچل کے کیسے مار سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ریاست یوپی کے ضلع لکھیم پور میں ستیہ گرہ پر بیٹھے کسانوں پر ایک وزیر کے بیٹے نے گاڑی چڑھادی جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد لکھیم پور جانے والے متعدد سیاستدانوں کو پولیس نے راستے میں ہی روک کرحراست میں لے لیا۔

ٹیگس