Nov ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۱:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کووڈ ویکسینیشن کے عمل سے وزیراعظم  مطمئن نہیں

ہندوستان میں کووڈویکسینیشن مہم کے دوران کروڑوں افراد کو ٹیکے لگنے کے باوجود اس ملک کے وزیر اعظم نے اس کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے آج اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 30 لاکھ 90 ہزار 920 کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی جمعرات صبح تک کل 107 کروڑ 63 لاکھ 14 ہزار 440 افراد کاویکسینیشن ہوگیا ہے۔

دوسری جانب ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے کچھ اضلاع میں کووڈ 19 کی ٹیکہ کاری کم ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان اضلاع کے افسران سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو بیدار کریں اور گھر گھر دستک دے کر ٹیکہ لگانے کی حکمت عملی پر کام کریں۔

 یورپ کے دورے سے واپسی کے فوراً بعد مسٹر مودی نے بدھ کے روز کم ٹیکہ کاری والی ریاستوں کے ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صورتحال کا جائزہ لیا ان اضلاع میں 50 فیصد سے کم لوگوں کو ٹیکے کی پہلی خوراک دی گئی ہے اور بہت کم لوگوں کو دوسری خوراک ملی ہے۔ ان میں جھارکھنڈ، منی پور، ناگالینڈ، اروناچل پردیش، مہاراشٹر، میگھالیہ اور کچھ دوسری ریاستوں کے 40 سے زیادہ اضلاع شامل ہیں۔ بات چیت کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے وزیر اعظم کو ان حالات اور چیلنجوں سے آگاہ کیا جن کی وجہ سے ٹیکہ کاری مہم کی کوریج میں کمی درج کی گئی ہے۔

ٹیگس