ہندوستان، ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں آتشزدگی، گیارہ مریضوں کی موت
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرا میں ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں آتشزدگی سے کم سے کم گیارہ مریضوں کی موت کی خبر ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے ضلع احمد نگر کے ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں آگ لگ گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس واقعے میں کم سے کم گیارہ مریض لقمہ اجل بن گئے۔
رپورٹ کے مطابق آگ اسپتال کے کورونا وارڈ کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں لگی۔ آگ لگنے کے وقت اس یونٹ میں دو درجن سے زائد افراد موجود تھے۔ رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے اس واقعے میں مرنے والوں میں زیادہ تر کی عمریں ساٹھ برس سے زائد تھیں۔
بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے کے نتیجے میں کورونا کے مریضوں کے لئے تعمیر کیا جانے والا نیا اسپتال، راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ شارٹ سرکٹ کو آگ لگنے کی وجہ بتایا گیا ہے۔
ہندوستان کے صدر اور وزیر اعظم سمیت اہم سیاسی رہنماؤں نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستان میں جب سے کورونا پھیلا ہے، اس وقت سے اب تک ممبئی اور دہلی سمیت مختلف شہروں کے کورونا اسپتالوں میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں درجنوں افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ آگ لگنے کے زیادہ تر واقعات اسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈوں میں رونما ہوئے ہیں۔